
آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے سلسلے میں سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا، جس میں تینوں ڈویژنز کے آٹھ اضلاع میں مجموعی طور پر 24 ہزار 40 سرکاری ملازمین نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
الیکشن حکام کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ 20 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پرامن ماحول میں جاری رہی اور انتخابی عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق راولاکوٹ ڈویژن کے دو اضلاع کی چار قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 4 ہزار 278 ووٹ کاسٹ کیے گئے، جبکہ میرپور ڈویژن کے تین اضلاع کی 13 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 12 ہزار 41 سرکاری ملازمین نے ووٹ ڈالے۔ اسی طرح مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع کی 9 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 7 ہزار 721 ووٹ کاسٹ ہوئے۔
پولنگ کے اختتام پر سیل شدہ بیلٹ باکسز اور دیگر انتخابی سامان مقررہ ضابطہ کار کے تحت متعلقہ ریٹرننگ افسران کے حوالے کر دیا گیا۔ ان ووٹوں کی گنتی اور سرکاری نتائج عام انتخابات کے لیے مقررہ پولنگ کے روز جاری کیے جائیں گے۔
پولنگ کے دوران مختلف انتخابی حلقوں میں سیاسی جماعتوں نے انتخابی کیمپ بھی قائم کیے، جہاں کارکنان ووٹرز کی رہنمائی کرتے رہے۔
انتخابی امور کے ماہرین کے مطابق سرکاری ملازمین کی پولنگ کا کامیاب انعقاد آزاد جموں و کشمیر میں شفاف، منظم اور پُرامن عام انتخابات کے انعقاد کی جانب ایک مثبت پیشرفت ہے، جبکہ بڑی تعداد میں ووٹنگ جمہوری عمل پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔