
”شگفتہ اعجاز اونچی دکان، پھیکا پکوان چلا رہی ہیں۔“
”میرے ساتھ بھی یہی ہوا تھا اور بعد میں الٹا مجھے ہی قصوروار ٹھہرا دیا گیا۔“
”یہی تو ان اداکاراؤں کا طریقہ ہے۔“
اداکارہ شگفتہ اعجاز کا کراچی میں قائم اینوی سیلون ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگیا، تاہم اس بار وجہ سیلون کی تشہیر نہیں بلکہ ایک صارف کا مبینہ ناخوشگوار تجربہ ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ایک خاتون بالوں کو کلر کروانے کے لیے سیلون گئیں، لیکن ان کا دعویٰ ہے کہ ٹریٹمنٹ کے بعد ان کے بال بری طرح خراب ہوگئے۔ خاتون کے مطابق مسئلہ حل کرنے یا مناسب وضاحت دینے کے بجائے عملے کا رویہ بھی مبینہ طور پر انتہائی نامناسب رہا اور انہیں اپنی خراب حالت سے خود نمٹنے کا کہہ دیا گیا۔
خاتون نے اپنے تجربے کو فیس بک کے ’وائس آف کسٹمر‘ گروپ میں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس سروس سے شدید مایوس ہیں، کیونکہ ان کے بالوں کی حالت پہلے سے کہیں زیادہ خراب ہوگئی۔
شگفتہ اعجاز طویل عرصے سے اداکاری کے ساتھ کاروبار بھی کر رہی ہیں اور ان کا سیلون ان کے کاروباری منصوبوں میں شامل ہے۔ وہ اور ان کی بیٹیاں اکثر سوشل میڈیا پر سیلون کی تشہیر کرتی نظر آتی ہیں، تاہم اس صارف کی شکایت سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سروس کے معیار اور عملے کے رویے پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
اب یہ شکایت سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن چکی ہے اور کئی صارفین اپنے ذاتی تجربات بھی شیئر کر رہے ہیں۔