
رواں برس چاقو حملے کے بعد نوابزادہ سیف علی خان نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں عالیشان گھر خرید لیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان نے قطر کے سینٹ ریگیس مارسا عربیہ نامی جزیرے پر قائم ’ دی پرل ‘ میں ایک عالیشان پراپرٹی میں سرمایہ کاری کی ہے۔سیف علی خان کی جائیدادوں میں شامل آبائی پٹودی محل اور عالیشان باندرہ اپارٹمنٹ کے بعد یہ سرمایہ کاری میں ایک شاندار اضافہ ہے۔حال ہی میں کی گئی ایک پریس کانفرنس کے دوران سیف علی خان نے قطر میں گھر خریدنے کی وجہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ holiday home یا پھر second home کے بارے میں سوچیے، اس گھر کے حوالے سے جو چیزیں میں پسند کرتا ہوں کہ وہ یہ کہ یہ زیادہ دور نہیں اور یہاں قابل آسان رسائی ہے اور پھر دوسری سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ ملک بہت محفوظ ہے جہاں رہنا مجھے بے حد اچھا لگتا ہے‘۔پراپرٹی میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سیف علی خان نے بتایا کہ’ ایک جزیرے کے اندر ایک جزیرے کا تصور ہی بہت پرتعیش اور بے حد خوبصورت ہے، یہ رہنے کے لیے واقعی ایک خوبصورت جگہ ہے‘۔اداکار کا کہنا تھا کہ ’ اس جگہ سرمایہ کاری کا فیصلہ میں نے یہاں کے خوبصورت مناظر ، خوراک اور طرز زندگی کو دیکھتے ہوئے کیا، میں قطر شوٹنگ کیلئے گیا تھا اور جس جگہ ہم ٹھہرے وہ بے حد محفوظ اور خوبصورت تھی‘۔واضح رہے کہ سیف علی خان پر رواں برس 16 جنوری کی آدھی رات کو چاقو حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے تھے۔