
"میں سات سال کی عمر میں کام کرنے لگی تھی، گیارہ سال کی عمر میں ہیروئن بن گئی، اور آج تک کام کر رہی ہوں۔ زندگی میں جو بھی قربانیاں دیں، ان کا صلہ دھوکہ ہی ملا۔ نہ رشتہ دار وفا کر سکے، نہ دوست، اور نہ ہی وہ شخص جسے میں نے دل سے چاہا۔ آخر میں اکیلی رہ گئی، ایک ٹوٹے دل کے ساتھ۔" — خوشبو خان
پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ خوشبو خان نے شو بز میں کئی دہائیوں کا سفر طے کیا، اور اس سفر میں انہیں کامیابیاں بھی ملیں اور دل توڑنے والے لمحات بھی۔ حال ہی میں وہ عمران اشرف کے شو میں مہمان بنیں، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنی زندگی کے کربناک حقائق بیان کیے۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی اس دنیا میں دھکیل دی گئیں۔ ان کا خواب ہمیشہ ایک استاد بننے کا تھا، لیکن قسمت نے انہیں اداکارہ بنا دیا۔ "مجھے اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں تھی، مجھے پڑھنا تھا، پڑھانا تھا، لیکن حالات ایسے بنے کہ میں بچپن سے کام کرنے لگی۔ تعلیم مکمل نہ کر پانے کا آج بھی افسوس ہوتا ہے۔"
خوشبو خان نے انکشاف کیا کہ نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے خاندان، یہاں تک کہ کزنز تک کی کفالت کی۔ "سب کو سہارا دیا، آج وہ سب خوشحال زندگی گزار رہے ہیں، اور میں ہوں... اکیلی۔"
انہوں نے بتایا کہ وہ حالیہ برسوں میں شدید ڈپریشن سے گزریں، لیکن اس کا ادراک تک نہ تھا۔ "میں مہینوں کمرے میں بند ہو کر روتی رہی، دل چاہتا تھا چیخوں، اور میں چیختی بھی رہی۔ مجھے نہیں پتہ تھا کہ یہ ڈپریشن ہے۔ خود ہی اس سے نکلی، خود ہی خود کو سنبھالا۔"
اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی کام کر رہی ہیں، لیکن دل میں تنہائی کا احساس پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکا ہے۔ ان کا یہ کھلا اور بے باک انٹرویو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہا ہے، جہاں لوگ ان کے حوصلے اور سچ بولنے کے انداز کو سراہ رہے ہیں۔