
’’میں کبھی نہیں چاہتا تھا کہ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر آئے اور نہ ہی میں اپنے بیٹے کو بڑوں کے مسائل میں شامل کرنا چاہتا ہوں، لیکن میری اہلیہ مجھے اپنے 6 سالہ بیٹے سے ملنے نہیں دے رہیں۔ میں اپنے بیٹے سے ملنے کے لیے ہر ممکن راستہ اختیار کروں گا۔‘‘
پاکستان کے معروف یوٹیوبر اور کانٹینٹ کری ایٹر جنید اکرم، جنہیں مداح ’’گنجی سویگ‘‘ کے نام سے بھی جانتے ہیں، نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک اہم انکشاف کرکے مداحوں کو حیران کردیا ہے۔ جنید اکرم نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ان کی اہلیہ، جن کے ساتھ ان کی شادی کو تقریباً 10 سال ہوچکے ہیں، انہیں اپنے 6 سالہ بیٹے سے ملنے نہیں دے رہیں۔
جنید اکرم کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو سوشل میڈیا پر لانے کے خواہاں نہیں تھے اور اپنے بیٹے کو میاں بیوی کے معاملات سے دور رکھنا چاہتے ہیں، تاہم بیٹے سے ملاقات نہ ہونے کے باعث انہیں یہ بات عوام کے سامنے لانا پڑی۔
یوٹیوبر کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر بھی مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ ذاتی معاملے کو سوشل میڈیا پر لانے کی ضرورت کیوں پیش آئی، جبکہ کچھ لوگوں نے انہیں مشورہ دیا کہ معاملہ نجی طور پر حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تھی۔ بعض صارفین نے جنید اکرم کے حق میں بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔