
بھارت میں ریاست اترپردیش میں دلہن نے دولہے اور اس کے گھر والوں کے جہیز کے مطالبات کے بعد شادی سے انکار کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دلہن نے الزام لگایا کہ بارات کے وقت دولہے کی جانب سے 20 لاکھ روپے اور کار دینے کا مطالبہ کیا گیا جس کے بعد اس نے شادی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
دولہے نے الزام لگایا کہ اسے اور اس کے اہلخانہ کو دلہن کے گھر میں یرغمال بنایا گیا اور قیمتی سامان لوٹ لیا گیا۔ دولہے کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ منگنی کے بعد دلہن کے گھر والے ان کا مذاق اڑاتے اور شرمندہ کرتے تھے۔ دلہن نے کہا کہ اسے موٹا قرار دے کر شادی سے انکار کیا گیا اور جہیز کے نام پر ڈرامہ رچایا گیا۔
دلہن کی شکایت پر جہیز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ دولہے نے بھی جوابی شکایت درج کروائی ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ بارات کے دوران دولہا سو گیا تھا جس کی وجہ سے دلہن کے گھر والوں نے سمجھا کہ وہ نشے میں ہے اور اسی کے بعد معاملہ بڑھ گیا۔