
پاکستان پیپلز پارٹی نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جس کے بعد اعلیٰ سیاسی قیادت کے درمیان اہم ملاقاتیں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے آج ایوانِ صدر میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ملاقات کریں گے۔ اس اہم نشست میں وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، نوید قمر اور شیری رحمان بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں وفاقی بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی سیاسی امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور وفاقی حکومت کے درمیان بجٹ سے متعلق مذاکرات مکمل نہ ہونے کے باعث آج ہونے والا قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ایک روز کے لیے مؤخر کردیا گیا ہے۔
قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں منعقد ہونا تھا جس میں آئندہ مالی سال کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جانی تھی۔ اب یہ اجلاس کل منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
سیاسی اور معاشی معاملات پر دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورت جاری ہے اور حتمی فیصلے آئندہ ملاقاتوں میں متوقع ہیں۔