
"میں حافظِ قرآن ہوں اور صرف دو سال میں قرآن پاک حفظ کیا۔ شاید یہی وجہ تھی کہ میرے والد کبھی نہیں چاہتے تھے کہ میں شوبز کا حصہ بنوں۔ سچ تو یہ ہے کہ مجھے بھی اداکاری کا کوئی شوق نہیں تھا، شروع میں تو میں نے یہ کام دل سے نہیں کیا۔"
اداکارہ لائبہ خان کا ایک پرانا انٹرویو کلپ دوبارہ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے، جس میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، تعلیم اور شوبز میں آنے کے سفر سے متعلق کئی دلچسپ باتیں شیئر کیں۔
لائبہ خان نے بتایا کہ بچپن میں انہیں قرآن حفظ کرنے کی خواہش نہیں تھی کیونکہ اس عمر میں وہ اس کی اہمیت کو پوری طرح نہیں سمجھتی تھیں۔ تاہم ان کے والدین، خاص طور پر والدہ، کی دلی خواہش تھی کہ وہ حافظِ قرآن بنیں۔ اسی لیے انہوں نے سات برس کی عمر میں حفظ کا آغاز کیا اور صرف دو سال میں یہ سعادت حاصل کر لی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد اداکاری کے حق میں نہیں تھے، کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ ان کی بیٹی دینی تعلیم کے مطابق زندگی گزارے۔ خود لائبہ بھی ابتدا میں اداکاری کو سنجیدگی سے نہیں لیتی تھیں، لیکن وقت کے ساتھ یہ شعبہ ان کی زندگی کا حصہ بنتا گیا۔
اداکارہ کے مطابق وہ کم عمری میں ہی تعلیمی لحاظ سے آگے بڑھ گئیں اور صرف 10 سال کی عمر میں آٹھویں جماعت میں داخلہ لیا۔ میٹرک کے امتحانات سے پہلے ہی انہوں نے اداکاری کا آغاز کر دیا، جس کے باعث تعلیم اور کیریئر دونوں کو ساتھ لے کر چلنا ایک چیلنج بن گیا۔
لائبہ خان نے بتایا کہ وہ بارہویں جماعت تک تعلیم مکمل کر چکی تھیں، مگر کورونا وبا کے باعث یونیورسٹی میں داخلہ نہ لے سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی تعلیم ادھوری نہیں چھوڑنا چاہتیں اور مستقبل میں، چاہے شادی کے بعد ہی سہی، یونیورسٹی کی تعلیم ضرور مکمل کریں گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کا کوئی بھائی نہیں، جبکہ ان کی بڑی بہن ایمان خان بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔