
بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی مداخلت سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ریاست کی جدوجہد پوری قوت سے جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ دہشت گرد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے عزم کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مستونگ اور سوراب میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور جرات کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ناگزیر ہیں۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان قوم کا فخر ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں اور خدمات پر پوری قوم کو ناز ہے۔