
شہر قائد کے علاقے سچل میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نوجوان کو قتل کردیا جبکہ اورنگی ٹاؤن میں باپ نے بری صحبت سے باز نہ آنے پر بیٹے کی جان لے لی۔
سچل غازی گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 18 سالہ نبی اللہ کے نام سے ہوئی، واقعہ کا مقدمہ مقتول کے بھائی امان اللہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، مقدمہ قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، لواحقین کے مطابق مقتول گلزار ہجری میں قائم اسٹیٹ ایجنسی میں ملازمت کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق نبی اللہ رات کو کام سے واپس گھر آرہا تھا غازی گوٹھ کچا پکا روڈ پر ڈاکوؤں نے نبی اللہ سے موٹر سائیکل چھین لی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا، مقتول پانچ بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان چھینی گئی موٹر سائیکل کچھ دور چھوڑ کر فرار ہوگئے، مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب رات گئے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 راجہ تنویر کالونی رحمت اسپتال کے قریب گھر میں باپ نے بیٹے کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق مقتول 21 سالہ علی خان کو والد عبدالغفار خان نے قتل کیا ہے، ملزم باپ عبدالغفار نے بیٹے علی خان کو خواجہ سراؤں کے ساتھ بیٹھنے سے منع کیا تھا، نہ ماننے پر باپ نے پہلے بیٹے کو کرنٹ لگایا اور بعد میں بیلچے کے وار کر کے اسے قتل کردیا، پولیس نے ملزم عبدالغفار کو گرفتار کرلیا جس سے واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔