
اگر میرے اختیار میں ہو تو میں قائدِاعظم کی تصویر تمام کرنسی نوٹوں سے ہٹا دوں۔ آپ رشوت لیتے ہیں، رشوت دیتے ہیں، دھوکا دہی کرتے ہیں اور یہ سب کچھ اُس شخصیت کی تصویر کے سامنے کرتے ہیں جس نے یہ ملک بنایا۔ وہ آپ کو یہ سب کرتے ہوئے دیکھ رہی ہوتی ہے۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار شہزاد نواز ایک بار پھر اپنے خیالات کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ "پریزاد"، "بادشاہ بیگم"، "میں"، "غلام باشہ سندری" اور "شناس" جیسے مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے شہزاد نواز آج کل اپنے پوڈکاسٹ میں سماجی مسائل اور پاکستانی معاشرے میں بدعنوانی پر کھل کر گفتگو کرتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران میزبان علی سفینہ نے ملک میں بدلتی سیاسی اور ثقافتی ترجیحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی نیا نظام یا حکومت آتی ہے تو قومی شخصیات کے حوالے سے رویے بھی بدل جاتے ہیں۔ ان کے مطابق کبھی قائدِاعظم اور علامہ اقبال کو قومی ہیرو کے طور پر نمایاں کیا جاتا ہے اور کبھی ان کی تصاویر یا علامات کو تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ علی سفینہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ قومیں اپنے بانیوں اور نظریاتی معماروں کی علامتوں کو کتنی آسانی سے بدل دیتی ہیں۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے شہزاد نواز نے کہا کہ اگر فیصلہ ان کے ہاتھ میں ہو تو وہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی تصویر پاکستانی کرنسی نوٹوں سے ہٹا دیں گے۔ تاہم ان کے اس مؤقف کی وجہ سیاسی نہیں بلکہ اخلاقی اور سماجی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں رشوت ستانی، دھوکا دہی اور مالی بدعنوانی عام ہے، اور انہیں یہ خیال تکلیف دیتا ہے کہ ان تمام غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے دوران نوٹوں پر قائدِاعظم کی تصویر موجود ہوتی ہے۔
گفتگو کے دوران شہزاد نواز نے ماضی میں کرنسی نوٹوں پر درج ایک جملے کا بھی حوالہ دیا۔ ان کے مطابق جنرل ضیاء الحق کے دور میں نوٹوں پر "حلال روزی عبادت ہے" جیسا پیغام نمایاں انداز میں درج کیا گیا تھا تاہم بعد میں جنرل پرویز مشرف کے دور میں اس تحریر کا سائز کم کر دیا گیا۔ شہزاد نواز نے طنزیہ انداز میں کہا کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے شاید اب اسے مکمل طور پر ہٹا ہی دینا چاہیے۔
شہزاد نواز کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہا ہے جہاں بعض صارفین ان کی بات کو معاشرے میں پھیلی بدعنوانی پر ایک علامتی احتجاج قرار دے رہے ہیں، جبکہ بعض افراد کا کہنا ہے کہ قائدِاعظم کی تصویر قومی شناخت اور احترام کی علامت ہے اور اسے کرنسی سے ہٹانے کی بات مناسب نہیں۔ پوڈکاسٹ میں دیے گئے اس بیان نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ کیا مسئلہ قومی شخصیات کی تصاویر میں ہے یا ان اصولوں سے دوری میں جن کے لیے وہ شخصیات جانی جاتی ہیں؟