
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے مختلف شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کے لیے اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بعض مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت میں عارضی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم-1 پر چارسدہ کے قریب کلومیٹر 504 پر شدید بارش کے باعث مسافر بردار گاڑیوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ای-35 ہزارہ موٹروے پر ہائی وولٹیج بجلی کی لائن کی مرمت کے پیش نظر مختلف مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق 96 کلومیٹر جنوبی سمت (مین)، 95 کلومیٹر جنوبی سمت بیدرہ اور 84 کلومیٹر شمالی سمت قلندرآباد کے قریب ٹریفک کا رخ عارضی طور پر تبدیل کیا گیا ہے تاکہ مرمتی کام محفوظ اور بلا تعطل مکمل کیا جاسکے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے حتیٰ الامکان گریز کریں، سفر سے قبل موسم اور ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کریں، جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کرتے ہوئے محتاط انداز میں ڈرائیونگ کریں۔