
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے اپنے سرکاری دورۂ مصر کے دوران وفد کے ہمراہ اسکندریہ میں مصری بحریہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کی مصری بحریہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمود عادل فوزی سے ملاقات ہوئی۔
مصری مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہوئے، جن میں پاک۔مصر دفاعی تعلقات، بحری تعاون، پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مصری بحریہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمود عادل فوزی نے اس موقع پر دونوں ممالک کی بحری صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے باہمی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان اور مصر کی بحری افواج کے درمیان شراکت داری اور تعاون کے تعلقات گہرے اور دیرینہ ہیں، جنہیں مزید وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک پرعزم ہیں۔
دورے کے دوران مصری بحریہ کے کمانڈر اور پاک بحریہ کے سربراہ نے اسکندریہ شپ یارڈ کمپنی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں جنگی بحری جہازوں کی تیاری کی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا گیا۔
وفد نے حال ہی میں مصری بحریہ میں شامل کیے گئے مختلف جنگی بحری جہازوں کا معائنہ بھی کیا اور ان کی جنگی استعداد اور جدید اسلحہ جاتی نظام کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں، وفد نے نیول اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں کیڈٹس کی جدید تعلیمی نظام کے تحت تربیت اور پیشہ ورانہ تیاری کے طریقہ کار سے بھی آگاہی حاصل کی۔