
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ آمد پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کا خیرمقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں، نیز باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تعمیری مذاکرات کیے۔
ملاقات کے دوران حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور ترجیحی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ متفقہ مشترکہ اعلامیے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے سالانہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
وزیر خارجہ انیتا آنند کا یہ دورہ، جو منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان کا ان کا پہلا دورہ ہے اور تقریباً دو دہائیوں میں کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا پہلا دوطرفہ دورہ ہے، پاکستان اور کینیڈا کے سفارتی تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔